پیپلز پارٹی کا یہ اصولی موقف ہے کہ ریاست کے ثمرات فاٹا کے عوام کو بھی ملیں، آصف علی زرداری
پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنانا پیپلز پارٹی کا مشن ہے، وانا دنیا کا سب سے خوبصورت علاقہ ہے اور ایک سازش کے تحت وہاں آگ بھڑکا کر امن تباہ کیا گیا۔ زرداری ہاؤس اسلام آباد میں شمالی وزیرستان کے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ فاٹا کے عوام نے دہشت گردوں سے بہت زخم کھائے ہیں اور مزاحمت کی ہے، پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ فاٹا میں ترقی ہو، روزگار کے مواقعے میسر ہوں اور جدید ہسپتال ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب فاٹا خیبر پختونخوا کا حصہ ہوگا، پیپلز پارٹی کا یہ اصولی موقف ہے کہ ریاست کے ثمرات فاٹا کے عوام کو بھی ملیں کیونکہ یہ ان کا حق ہے اور پیپلز پارٹی ان کو یہ حق ضرور دلائے گی۔ آصف علی زرداری نے پارٹی میں شامل ہونے والے قبائلی عمائدین کو پارٹی مفلرز و ٹوپیاں پہنائی اور انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری نئیر بخاری، فیصل کریم کنڈی اور اخونزادہ چٹان بھی موجود تھے۔