سندھ
کراچی میں گرمی کے باعث دھند نے ڈیرے جمالئے
کراچی: شہرِ قائد میں شدید گرمی کی وجہ سے ہوا میں بخارات بڑھ گئے ہیں اور ہواؤں کی رفتار صفر ہونے کی وجہ سے دھند حاوی ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی گزشتہ ایک ہفتے سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور اس دوران شہر کا درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران غیرمعمولی گرمی کی وجہ سے دھند پیدا ہوگئی ہے اور اسی شدید گرمی کی وجہ سے ہوا میں سمندری بخارات بڑھ گئے ہیں۔
ریجنل ڈائریکٹر شاہد عباس کا کہنا ہے کہ شہر میں رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک ہوائیں مکمل طور پر بند رہیں اور ہواؤں کی رفتار صفر ہونے کی وجہ سے دھند مزید حاوی ہوگئی ہے اور آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بھی شہر میں دھند چھا سکتی ہے، دھند کا یہ سلسلہ بدین اور ٹھٹھہ سے کراچی کی جانب منتقل ہوا۔