سندھ

کراچی میں اسٹریٹ کرائمزکیلیے صرف پولیس کوذمہ دارنہ ٹہرایا جائے، آئی جی سندھ

کراچی: آئی جی سندھ اللہ ڈنوخواجہ نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائمزروکنا ہماری ذمہ داری ہے مگرصرف پولیس کو ذمے دار نہیں ٹہرایا جائے۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے نظر نہ آنے والی چیزیں بھی سامنے آرہی ہیں، اب دکان میں چوری کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر آجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بھرتی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو برطرف کیا جاچکا ہے، 3 مواقع دینے کے باوجود بیشتربرطرف اہلکار امیدوں پر پورا نہیں اترسکے۔ نقیب اللہ کیس سے متعلق اے ڈی خواجہ نے کہا کہ نقیب اللہ کیس کا کوئی دفاع نہیں کرسکتا کیونکہ پولیس افسران اس معاملے میں شامل ہیں۔

اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کی آبادی 2 کروڑ سے زائد ہے، جس میں سے 50 فیصد کچی آبادیوں میں رہتے ہیں، اس کے علاوہ کراچی میں بغیر دستاویزات کے رہنے والوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے، معاشی بدحالی اوربیروزگاری بھی اسٹریٹ کرائمزکی وجوہات ہیں، اسٹریٹ کرائمزروکنا ہماری ذمہ داری ہے مگر صرف پولیس کو ذمہ دار نہیں ٹہرایا جائے، پولیس نے دہشت گردوں اور اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لئے قربانیاں دی ہیں، 15 دن میں 200 اسٹریٹ کرمنل پکڑے جا چکے ہیں لیکن ہمیں اس سلسلے میں جامع حکمت عملی بنانا ہوگی۔
گزشتہ دنوں سی ٹی ڈی اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان انتظار کے معاملے پر آئی جی سندھ نے کہا کہ انتظار کے قتل جیسے واقعات بھارت میں کئی ہوئے ہیں، ہم نے انتظار کے والد کے تمام مطالبات مانے، پولیس نے انتظارکے والد کو خود اطلاع کی، ملوث پولیس افسران اور اہلکاروں کو جرائم پیشہ افراد کی طرح سزا ملے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close