سینیٹ الیکشن، ایم کیو ایم سندھ سے مکمل طور پر مائنس ہوگئی
کراچی: سینیٹ الیکشن کیلئے سندھ سے تمام 12 سیٹوں کا نتیجہ مکمل ہو گیا ہے جس میں سے 11 سیٹیں پیپلز پارٹی نے حاصل کر لی ہیں جبکہ ایک سیٹ فنکشنل لیگ کے حصے میں آئی ہے اور سب سے اہم ترین بات یہ ہے کہ ایم کیو ایم مکمل طور پر مائنس ہو گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق سندھ اسمبلی سے پیپلزپارٹی کے سابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی، مولا بخش چانڈیو، امام دین شوقین، مصطفیٰ نواز کھوکھر جنرل نشست پر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ خواتین کی مخصوص نشست کرشنا کوہلی، اقلیت کی نشست پر نور لعل دین، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر پیپلزپارٹی کے سکندر میندھرو کامیاب ہو گئے ہیں۔ جبکہ ایک سیٹ فنکشنل لیگ کے مظفر شاہ نے جیت لی ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات کو لے کر ایم کیو ایم میں شدید لڑائی دیکھنے میں آئی جس کے بعد فاروق ستار کا دھڑا الگ ہوگیا اور بہادرا آباد کے دھڑے نے خالد مقبول صدیقی کو اپنا کنویئنر بنا لیا لیکن اس لڑائی کے باعث جماعت اپنا ہی نقصان کروا بیٹھی ہے اور ایک بھی سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ ایم کیو ایم کے سینیٹ انتخاب میں جنرل نشست کے امیدوار کامران ٹیسوری کو 11 جبکہ فروغ نسیم کو 14 ووٹ ملے لیکن وہ کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔