سندھ

ہمارے اراکین اسمبلی نے اپنے ضمیر بیچے، عمران خان کا ایسا اعتراف کہ سنکر ہر کوئی دنگ رہ جائے

کراچی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ میں پیسا چلا ہے اور افسوس کی بات ہے کہ ہمارے کچھ اراکین خیبر پختونخواہ اسمبلی نے بھی پیسے لے کر اپنے ضمیر بیچ دیئے ہیں جس کے لیے انکوائری کمیٹی بنادی ہے، ایسے اراکین کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہماری پارٹی میں غریب اراکین اسمبلی بھی تھے جنہوں نے چار چار کروڑ روپے کی پیشکشوں کو مسترد کردیا جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں لیکن پی ٹی آئی کے جن اراکین نے سودے بازی کی ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کو معلوم ہے کہ سینیٹ میں پیسا چلا ہے لیکن کوئی بھی ادارہ تحقیقات نہیں کر رہا ہے، اس پر الیکشن کمیشن کو فوری ایکشن لینا چاہیے تھا، میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ سینیٹ کے الیکشن میں ووٹنگ کے طریقہ کار میں تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے، خفیہ رائے دہی کی وجہ سے معلوم ہی نہیں چل رہا کہ کس نے کس کو ووٹ دیا اس طرح ووٹ بیچنے والوں کو منہ چھپانے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو کھنڈر بنانے والا گاڈ فادر لندن چلا گیا ہے اور صوبائی حکومت نے کراچی کو مافیا کے سپرد کر دیا ہے، 35 سال سے اس شہر میں دہشت گردوں کی حکمرانی تھی جس کی وجہ سے پڑھے لکھے، سلجھے ہوئے اور متوسط طبقے کے حقیقی نمائندے سیاست میں آنے سے کتراتے تھے لیکن آج حالات تبدیل ہو گئے ہیں اور ڈاکٹر عمران شاہ اور ان جیسے دیگر تعلیم یافتہ افراد کی تحریک انصاف میں شمولیت تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو گی اور میں خود کراچی سے انتخاب لڑوں گا جس کے لیے حلقے کا انتخاب پارٹی کے ذمہ دار کریں گے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ کراچی میں قبضہ مافیا کا راج ہے، پولیس میں پیسے لے کر بھرتی کی جاتی ہیں، بلدیاتی نظام موثر نہیں ہے اور سندھ حکومت کو ترقیاتی کاموں میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ایسی صورت حال میں تحریک انصاف نے کراچی کی روشنیوں کو بحال کرنے کے لیے پیکیج تیار کیا ہے جس میں خیبرپختونخواہ کی طرز کی پولیس کا قیام اور موثر و با اختیار بلدیاتی کو اولین ترجیح حاصل ہے۔
واضح رہے کراچی میں تحریک انصاف کی ممبر سازی مہم جاری ہے جس کے لیے عمران خان نے خصوصی طور پر گزشتہ شب کراچی پہنچے تھے اور برنس روڈ پر عوامی جلسے سے بھی خطاب کیا تھا جب کہ آج صبح سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر محمد علی شاہ کے صاحبزادے ڈاکٹر عمران علی شاہ کے گھر پہنچے تھے جہاں میڈیا اور دیگر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close