سمندری ہواؤں کے ڈیرے، کراچی کا درجہ حرارت بڑھنا شروع، کتنی گرمی ہوگی جان کر آپ کو ابھی سے پسینے چھوٹ جائیں
کراچی میں سمندری ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت بڑھنا شروع ہوگیا، 9 مارچ کو مغربی ہواؤں سلسلے کے آثار شہر پر خوشگوار موسم کی صورت میں نمودار ہوسکتے ہیں، مارچ کے وسط سے اختتام تک درجہ حرارت 40 ڈگری کو چھوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کراچی کے مطابق شہر میں سرد موسم کا دورانیہ 31 مارچ تک ہے، مگر رواں ماہ 3 سے 5 مغربی ہواؤں کے سلسلے پاکستان کا رخ کریں گے، جن میں 2 سلسلے جزوی موسمیاتی تبدیلی کا باعث بن سکتے ہیں، تاہم اب کراچی میں سرد ہوائیں چلنے اور بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کے ریجنل ڈائریکٹر شاہد عباس کے مطابق 9 اور 10 مارچ کے درمیان ایک مغربی ہواؤں کا سسٹم کراچی سمیت اندرون سندھ کے کچھ اضلاع پر خوشگوار موسم کی شکل میں اثرانداز ہوسکتا ہے، تاہم 15 مارچ کے بعد سمندر اور زمین کا درجہ حرارت یکساں ہونے کی وجہ سے شہر میں گرمی میں اضافے کا امکان ہے اور گرمی کا پارہ 40 ڈگری کو چھوسکتا ہے۔
شاہد عباس کے مطابق گرمی کے دوران شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ کے تیسرے ہفتے میں اندرون سندھ گندم کی کٹائی کی وجہ سے بھی شہر کے کا درجہ حرارت 3 سے 4 ڈگری بڑھ جائے گا کیونکہ بغیر فصل کے زمین زیادہ تیزی سے گرم ہوگی جس کے نتیجے میں شہر میں گرمی پڑسکتی ہے، تاہم اس موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں مارچ کا سابقہ گرمی کا ریکارڈ ٹوٹنے کا کوئی امکان نہیں ہے، مارچ 2010ء میں شہر کا درجہ حرارت 42.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوچکا ہے۔