لیاری ایکسپریس وے دوپہر 2 بجے سے رات 8 بجے تک مخالف سمت میں چلے گی
رمضان المبارک کے مہینے میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے لیاری ایکسپریس وے پر2 بجے سے رات 8 بجے تک ماری پور سے سہراب گوٹھ تک مخالف سمت میں ٹریفک چلایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس نے رمضان المبارک میں کراچی کے شہریوں کو ٹریفک جام سے بچانے کے لیے ایک پلان تیار کیا تھا جس کے تحت لیاری ایکسپریس وے کو مخالف سمت میں بھی دوپہر 2 بجے سے رات 8 بجے تک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
واضح رہے صدر اور اس کے اطراف علاقوں میں قائم دفاتر اور کاروباری مراکز میں آنے والے اکثر شہری لیاری ایکسپریس کا سہراب گوٹھ سے ماری پور والا رویہ استعمال کرتے تھے،تاہم ماری پور سے سہراب گوٹھ جانے والا رویہ کی تعمیر نامکمل ہونے کے باعث واپسی میں مشکل کا سامنا رہتا تھا، رمضان میں ٹریفک پولیس نے ماری پور سے سہراب گوٹھ کے لیے مخالف سمت میں بھی ٹریفک چلانے کا اعلان کیا تھا۔
ٹریفک پولیس پلان کے مطابق ماہ صیام میں دوپہر 2 بجے سے رات 8 بجے تک ماری پور سے سہراب گوٹھ تک ٹریفک مخالف سمت میں چلایا جارہا ہے،تاہم موٹر وے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ تیز رفتاری اور اوور ٹیک کرنے سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کا خاص خیال رکھیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے یہ اچھا اقدام ہے، مخالف سمت میں ٹریفک چلانے سے شہر میں ٹریفک کی صورتحال بھی بہتر رہے گی۔