لندن کے مصور کا عبدالستار ایدھی کو شاندار خراج عقیدت
استاد انسانیت عبد الستار ایدھی کی خدمات کو کبھی بھی بھلایا نہیں جا سکتا،ایسے میں لندن کے ایک مصور نے ایدھی کا خاکہ بنا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق لندن کے ’’ڈینیئل سوان‘‘ نامی اسٹریٹ آرٹسٹ ایدھی صاحب کی بے لوث انسانی خدمات سے بے حد متاثر ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اکثر لندن کے ٹرافلگر سکوائر پر ان کا خاکہ بنا کر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ڈینیئل سوان ٹرافلگر اسکوائر پر ایدھی صاحب کا خاکہ اس لیے بناتے ہیں کیونکہ یہ ایک مرکزی علاقہ ہے جہاں ہر مذہب اور رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے لوگ گزرتے ہیں۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈینیئل سوان کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی کا خاکہ بنانا ان کے لیے اعزاز کا باعث ہے۔انہوں نے بتایا کہ چند سال پہلے انہوں نے ایک پاکستانی امیریکن شہری سے عبدالستار ایدھی کا نام سنا اور وہ ان کے گرویدہ ہوگئے۔ عبدالستار ایدھی کا خاکہ بنانے کا مقصد یہ ہے کہ ہر کوئی ان کی خوبصورت شخصیت، خدمت انسانیت کے جذبہ، ان کے دل اور خدمات سے واقف ہوسکے جو ہم سب کے لیے ایک مثال ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایدھی صاحب نے انسانیت کی عملی طور پر خدمت کر کے دکھائی ہے جس کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔ایدھی نے جس طرح یتیم بچوں کو سہارا دیا ، ایمبولینس کے ذریعے لا تعداد لاشوں کو اٹھایا، غریبوں اور نادار افراد کو کھانا کھلایا، یہ ایک عظیم کام تھا جس کے بارے میں دنیا کو ضرور جاننا چاہیے۔