سندھ
راؤ انوار کی گرفتاری اور آئی جی کی تبدیلی کا آپس میں کوئی تعلق نہیں، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ راؤ انوار کی گرفتاری اور آئی جی سندھ کی تبدیلی کا آپس میں کوئی تعلق نہیں۔ گورنر سندھ محمد زبیر اور سندھ کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان کو جمہوری ملک بنانے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، آج کے دن تمام پاکستانی ملک کی ترقی کے لیے عہد کریں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ آج یوم پاکستان ہے، اس اہم موقع پر میں راؤ انوار یا اے ڈی خواجہ پر زیادہ بولنا نہیں چاہتا۔ راؤ انوار کی گرفتاری اور آئی جی سندھ کی تبدیلی کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو سیاست کاحق ہے۔ 2018 انتخابات کا سال ہے، متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ آج کا دن قائد اعظم کے احکامات پر عمل پیرا ہونے کے عہد کرنے کا دن ہے، کراچی میں امن و امان کی بحالی کے لیے بہت کام ہوا ہے اور آج کراچی امن کا گہواراہے، مسلح افواج و دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں امن و مان کی بحالی کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔