سندھ
کراچی میں مارچ میں ہی شدید گرمی، پارہ 41 ڈگری سے بھی تجاوز کرگیا، شہری ہلکان
کراچی: شہر قائد میں شدید گرمی کی غیر متوقع لہر نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ کراچی میں گزشتہ ہفتے سے جاری گرمی کی لہر برقرار ہے اور ہواؤں کی رفتار نہ ہونے کے برابر ہے، شدید گرمی اور سمندری ہواؤں کی بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے، دوسری جانب کے الیکٹرک کی جانب سے کی جانے والی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔
دوپہر ایک بجے شہر کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کرگیا ہے، جب کہ گرمی کی شدت (ہیٹ انڈیکس) 43 ڈگری محسوس کی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کا سلسلہ مزید 3 روز تک جاری رہے گا۔ طبی ماہرین نے ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور پانی سمیت فرحت بخش مشروبات کا استعمال بڑھا دیں۔