منظور وسان نے ایک بار پھر ایسا خواب دیکھ لیا کہ جس کی تعبیر ایم کیو ایم کی صفوں میں کھلبلی مچا دے گی
سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے کراچی سے 20 سے زیادہ سیٹیں جیتنے، مصطفٰی کمال اور فاروق ستار کے آپس میں ملنے اور ایم کیو ایم کے دوبارہ ایک ہونے کے ایک ساتھ کئی خواب دیکھتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کا ووٹ بینک اب پیپلز پارٹی کی طرف ہوگیا ہے، پہلے کراچی میں ووٹ دھونس اور دھاندلی پر لیا جاتا رہا ہے۔
سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان کا کہنا تھا کہ اپریل کا مہینہ اہم ہے اور اس میں بھٹو شہید کی برسی کے ساتھ بہت اہم فیصلے ہونے جارہے ہیں، اس مہینے میں احتساب کا عمل بھی جاری رہے گا جبکہ نگران وزیر اعظم کوئی غیر معروف شخصیت ہوگی جسے خیبر پختونخواہ یا بلوچستان سے لانے کی کوشش کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جلد ایم کیو ایم ایک ہوگی، پہلے مرحلے میں مصطفٰی کمال اور فاروق ستار ملیں گے اور دوسرے مرحلے میں بہادر آباد والے بھی ملیں گے، لیکن اس کے باوجود کراچی میں پیپلز پارٹی سرپرائز دے گی اور وہاں کی 44 میں سے 20 سے زائد سیٹیں جیتے گی اور یہی سرپرائز ہوگا جبکہ سندھ میں الیکشن کے دوران پیپلز پارٹی سو فیصد کامیابی حاصل کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں تاخیر کرانے کی کوشش کی جائے گی لیکن عدلیہ اور الیکشن کمیشن الیکشن کرانے کے لئے پر امید ہیں، تاہم اس بار الیکشن ماضی کے مقابلے میں مختلف ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹیاں 90ء اور 88ء کی طرح ہر صوبے میں حکومت بنائیں گی لیکن انہیں اختیارات نہیں ملیں گے، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں نئی پارٹی بناکر وہاں سے وزیراعظم لانے کی کوشش کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ فنکشنل لیگ کے خلاف کیسز بننے میں ہمارا کوئی ہاتھ نہیں، ان کے خلاف تو ریفرنسز پہلے سے تیار تھے، جی ڈی اے بنا کر کچھ لوگوں نے سوچا تھا کہ انہیں ہر احتساب سے بچایا جائے گا تو یہ ان کی خوش فہمی ہوگی، احتساب سب کا ہوگا اور کوئی بچ نہیں پائے گا۔