پی ایس پی نے ایم کیو ایم کی ایک اور پتنگ کاٹ دی
کراچی: پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کی ایک اور پتنگ کاٹ دی۔ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین بھی پی ایس پی کے قافلے میں شامل ہوگئے۔ پاکستان ہاؤس میں صدر پی ایس پی انیس قائم خانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید وسیم حسین نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سید وسیم حسین حلقہ این اے 220 سے ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ایم کیو ایم کے کنوینیئر فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی میں اختلافات کے بعد سید وسیم حسین فاروق ستار کے ساتھ تھے۔ چند روز پہلے ہی ایم کیو ایم کی 2 خواتین ارکان سندھ اسمبلی ناہید بیگم اور نائلہ منیر بھی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئی تھیں۔واضح رہے کہ کراچی شہر کے سابق ناظم اور متحدہ قومی موومنٹ کے رکن مصطفی کمال نے ایم کیو ایم سے اعلان بغاوت کرکے اپنی جماعت پاک سرزمین پارٹی قائم کی ہے ۔ ایم کیو ایم کے کارکنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداد پارٹی چھوڑ کر پی ایس پی میں شامل ہوچکی ہے۔