ایم کیو ایم کے ایک اور رکن اسمبلی حاجی انور پی ایس پی میں شامل
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے ایک اور رکن اسمبلی حاجی انور رضا نے پارٹی سے ناطہ توڑ کر پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شمولیت اختیار کرلی۔ پاکستان ویوز کے مطابق پی ایس پی نے ایم کیو ایم کی اور پتنگ کاٹ دی ہے۔ ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی حاجی انور نے پاک سرزمین پارٹی کے چیرمین مصطفی کمال اور صدر انیس قائم خانی سے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق رکنِ سندھ اسمبلی حاجی انور نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔ حاجی انور کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم مفاد پرستوں کی جماعت بن گئی ہے، اس لیے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔ حاجی انور پی ایس 102 کراچی سے منتخب ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے متعدد رہنما اور کارکنان پارٹی چھوڑ کر پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ حال ہی میں اس لہر میں کافی تیزی آئی ہے اور گزشتہ چند روز کے دوران ایم کیو ایم کے 6 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کرچکے ہیں۔ ان میں سلیم بندھانی، محبوب عالم، سیف الدین خالد اور محمد کامران شامل ہیں۔