سندھ

عید کے بعد حکمرانوں کو جیلوں میں ڈالنے تک تحریک چلائیں گے، عمران خان

کراچی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کے خلاف اس وقت تک تحریک چلاؤں گا جب تک انہیں جیلوں میں نہ ڈالا جائے اور اس کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو بھی ساتھ ملانے کی کوشش کریں گے۔

اسلام آباد سے کراچی پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پتہ ہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے بنائے جانے والے ٹی او آرز میں وزیراعظم پکڑے جائیں گے اس لئے ٹی او آرز میں ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے، جب تک قوم ان کے سامنے کھڑے نہیں ہوگی اس وقت تک  ملک کا کوئی مستقبل  نہیں، حکمرانوں نے عدلیہ، ایف بی آر، الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں میں لوگ خریدے ہوئے ہیں جن کی مدد سے وہ دھاندلی کر کے اقتدار تک پہنچتے ہیں تاہم ان کا آخری وقت آگیا ہے اور انہیں جیلوں میں ڈالنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف عید کے بعد تحریک چلائیں گے جس میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملانے کی کوشش کررہے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ لاہور میں مریم نواز کے اسکواڈ میں سے ایک گاڑی نے میری ہمشیرہ کی گاڑی کو ٹکر ماری اور ان پر بندوقیں تانی گئیں، کس نے انہیں اجازت دی ہے کہ اس ملک کو اپنی جاگیر سمجھیں اور شہزادی بن کر گھومیں، یہ ملک میں ایسے پھرتے ہیں جیسے باقی سب ان کے غلام ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کس حیثیت سے اسلام آباد میں بیٹھ کر امور مملکت چلا رہی ہیں اور انہیں ملک کو اپنی جاگیر بنانے کی کس نے اجازت دی ہے۔

کراچی آپریشن کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں سیاسی جماعتوں نے پیسے لے کر پولیس میں بھرتیاں کیں جس کی وجہ سے محکمہ پولیس کی کارکردگی مایوس کن ہے جب کہ رینجرز شہر قائد میں بہت اچھا کام کر رہی ہے جس کی وجہ سے شہر میں جرائم کی وارداتوں میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی عیادت اور معروف قوال امجد صابری کے اہلخانہ سے تعزیت کے ساتھ شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ کی تقریبات میں بھی شرکت  کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close