ایم کیو ایم اور کچھ شخصیات کے بینک اکائونٹس کی تفصیلات طلب
کراچی میں لینڈ مافیا کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے ایف آئی اے نے ایم کیو ایم اور مختلف شخصیات کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کر لیں، عدالت کی اجازت کے بعد مختلف بینکوں کو تفصیلات کی فراہمی کے لیے مراسلے ارسال کردیے گئے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر 15 اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں جن میں رفاہی ادارے اور سن اکیڈمی بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹس کا تعلق چھ نجی پاکستانی بینکوں جبکہ ایک غیر ملکی بینک سے ہے۔تحقیقات کی زدمیں آنے والوں میں احسن عرف چنوں ماموں، ان کے اہل خانہ سمیت محمد انور،انعم انورکے نام شامل ہیں ساتھ ہی طارق میر،شعیب بخاری،مجیب اللہ صدیقی کے علاوہ دیگر افراد کے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ دوسرے مرحلے میں برطانیہ اور کینیڈا میں موجود چھ درجن سے زائد اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی جائیں گی۔ مذکورہ اکاؤنٹس کے بینک اسٹیٹمنٹس، ڈیبٹ، کریڈٹ واؤچرز، اکاؤنٹس اوپننگ فارم،دستخطوں کے نمونوں پر مبنی کارڈز، اکاؤنٹس ہولڈرز کے نام بھی طلب کیے گئے ہیں۔