عید پرپردیسیوں کی گھروں کو واپسی، زائد کرایوں سے مسافرپریشان
کراچی / پشاور / اسلام آباد : عیدالفطر کے موقع پر پردیسیوں کی اپنے گھروں کو واپسی جاری ہے۔ لوگ گھر جانے پر خوش تو ہیں لیکن مہنگے کرایوں نے ان کی خوشیوں کو کرکرا کردیا ہے
دوسرے شہروں سے آئے پردیسی عید کی خوشیاں اپنوں کے ساتھ منانے اپنے گھروں کوروانہ ہورہےہیں۔
ریلوے اسٹیشنز اور بس اسٹینڈز پر اپنے آبائی علاقوں میں جانے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ اس حوالے سے پہلی عید اسپیشل ٹرین بھی کراچی سے روانہ ہوگئی۔ کراچی کے بس اسٹینڈز پر پردیسی کافی پریشان نظر آئے کیونکہ ٹرانسپورٹرز منہ مانگا کرایہ وصول کررہے ہیں۔
ڈرائیور حضرات کا کہنا ہے کہ چھوٹے شہروں سے گاڑیاں خالی آتی ہیں جس کے باعث کرایہ بڑھانے پر مجبور ہیں۔
علاوہ ازیں جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد سے بھی عید منانے کیلئے پردیسیوں کی گھروں کو واپسی جاری ہے ۔ یہاں بھی مسافروں کو زائد کرایوں کی وصولی اور گاڑیوں کی کمی کی شکایت ہے۔
پشاور کے بس اڈے بھی مسافروں سے بھرے پڑے ہیں۔ انہیں بھی کرایوں میں اضافے کی شکایت ہے، کوئٹہ فیصل آباد اور حیدر آباد سے لوگ عید منانے گھروں کو جارہے ہیں لیکن یہاں بھی ٹرانسپورٹرز ان کی کھال اتارنے میں مصروف ہیں۔