ٹویٹر پرمسیحائے ملت عبدالستارایدھی کی رحلت پرممتاز شخصیات کا اظہارافسوس
کراچی: انسانیت کے علمبردار اور پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی وفات کی المناک خبر پر ٹویٹر پر ممتازشخصیات نے اظہار افسوس کیا ہے۔
پاکستان کی نامور شخصیات اور سیاست دانوں نے مولانا عبدالستار ایدھی کی رحلت پر اپنے ٹویٹس میں انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ممتاز کالم نگار ہارون رشید نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’ عظیم ایدھی کو بیرونِ ملک علاج کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے پاکستان میں ہی رہنا اور مرنا پسند کیا۔ وہ اس دھرتی کے حقیقی بیٹے تھے۔
بھارتی وزیرِ خارجہ شسما سوراج نے ایدھی صاحب کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’ میں عبدالستار ایدھی کی رحلت پر اپنے غم کا اظہار کرتی ہوں۔ وہ ایک عظیم انسان تھے جنہوں نے اپنی زندگی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کردی ۔
پیپلز پارٹی کی رہنما اور مشیر وزیرِ اعلیٰ سندھ شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ انسانیت کی علامت ، عبدالستار ایدھی رخصت ہوگئے۔
عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا کہ میری خوش قسمتی کہ ان سے ملاقات رہی اور لالچ اور دھونس کے باوجود اپنے مشن پر قائم رہے اور ہمت کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان کے ممتاز کرکٹر شعیب اختر نے کہا ہے کہ عٖظیم انسان آج رات اپنے خالقِ حقیقی سے جاملے ۔ ہم ان سے ہمیشہ پیار کرتے رہیں گے۔ اللہ ان کی روح کو اطمینان عطا فرمائے۔
عوامی نشینل پارٹی کی رہنما بشریٰ گوہر نے ٹوئٹ کی میری دعائیں اور خواہشات ایدھی صاحب کے خاندان کے ساتھ ہیں، وہ ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
حدیقہ کیانی نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ میں درحقیقت شدید صدمے میں ہوں ، آج ہم نے ایک عظیم انسان کھودیا ہے، میں ہمیشہ عظیم عبدالستار ایدھی کی مقروض رہوں گی۔
ایم کیوایم کے رہنما واسع جلیل نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’ انسانیت کے علمبردار عبدالستار ایدھی اب ہمارے درمیاں نہیں رہے۔ یہ ملک کا ایک بڑا نقصان ہے اور ان کا کام الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔
اداکارہ ماہرہ خان نے ایدھی صاحب کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے ایک عظیم انسان کھودیا۔ ایدھی جیسا کوئی دوسرا نہیں ہوسکتا۔