Featuredسندھ

ایس آر بی نے سندھ سیلز ٹیکس ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا

کراچی: سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی) نے ٹیکس دہندگان کی درخواست اور حکومت سندھ کی منظوری سے جمعہ کو ٹیکس ادائیگی ترغیبی پیکیج (ٹی پی آئی پی) کا اعلان کر دیا ہے جب کہ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ٹیکس ادائیگی ترغیبی پیکیج (ٹی پی آئی پی) کے تحت ٹیکس دہندگان، خدمات فراہم کرنے والوں اور ودہولڈنگ ایجنٹ کو سندھ سیلزٹیکس آن سروسز ایکٹ 2011 کے تحت ٹیکس کمپلائنس کے بدلے زبردست فائدے اور ریلیف دیا جائے گا۔

پیکیج میں 95 فیصد ڈیفالٹ سرچارج کا خاتمہ جرمانے کی معافی کے علاوہ گرفتاری اور مقدمہ بازی سے تحفظ شامل ہے مگر اس کے لیے ٹیکس دہندہ کو21 مئی سے27 مئی2018 کے دوران ٹیکس واجبات اور 5 فیصد ڈیفالٹ سرچارج ادا کرنا ہوگا۔
دوسری صورت میں 28 مئی سے3 جون 2018 تک ٹیکس واجبات ادائیگی کرنے پر10 فیصد ڈیفالٹ سرچارج ادا کرنا ہوگا، اس میں بھی ناکامی کی صورت میں4 سے10 جون2018 کے درمیان واجبات ادا کیے تو 15 فیصد ڈیفالٹ سرچارج ادا کرنا ہوگا اور اگر اس سے بھی فائدہ نہ اٹھایا گیا تو 11 جون سے20 جون2018 تک ٹیکس واجبات ادا کرنے پر20 فیصد ڈیفالٹ سرچارج کی ادائیگی کرنی ہوگی۔
سندھ ریونیو بورڈ کے مطابق اگر کسی پر ٹیکس واجبات نہ ہوں مگر جرمانے اور ڈیفالٹ سرچارج کی رقم واجب الادا ہو تو ایسی صورت میں جرمانے کا90 فیصد اور ڈیفالٹ سرچارج کا75 فیصد معاف کردیا جائے گا تاہم اس کے لیے جرمانے اور ڈیفالٹ سرچارج کے باقی ماندہ واجبات21 مئی سے20 جون 2018 تک ادا کرنے ہوں گے۔

ایس آر بی نے تمام ٹیکس دہندگان ودہولڈنگ ایجنٹ سے مذکورہ ٹیکس پیمنٹ ریلیف پیکیج سے فائدہ اٹھانے کی ہدایت کی ہے جو20 جون2018 کو ختم ہوجائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close