ایم کیو ایم میں اب دہشت گرد ونگ نہیں رہا، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم میں اب دہشت گرد ونگ نہیں رہا اور ایم کیو ایم والے اب سکون میں ہیں کیونکہ ان کی کوئی کلاس نہیں لیتا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں تقریر کے دوران اپوزیشن پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب تو شرمندہ ہو جاؤ، معلومات کے بغیر تقریر کرنے والوں کو شرم آنی چاہیئے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کراچی میں 5 سال قبل دہشت کا ماحول تھا، جس سے شہریوں کو نجات مل گئی، پہلے کراچی میں پروگرامز نہیں ہوسکتے تھے نہ شہری بے خوف نکل سکتے تھے، لیکن ہم نے اس خوف کے ماحول سے کراچی کے شہریوں کو نکال دیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں پہلے شیطان رہتے تھے جن سے نجات ملی۔ وزیراعلیٰ سندھ کی تقریر پر اپوزیشن اراکین نے احتجاج اور ایوان میں شور شرابا کیا گیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم میں اب دہشت گرد ونگ نہیں رہا، ایم کیو ایم کے ارکان پہلے کچھ بھی بولتے تھے ان کی کلاس ہوتی تھی، ایم کیو ایم والے اب سکون میں ہیں ان کی کوئی کلاس نہیں لیتا۔