بلاول بھٹو کی فیصل ایدھی کو کلفٹن بلا کر عبدالستار ایدھی کی وفات پر تعزیت
کراچی: پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے فیصل ایدھی کو کلفٹن بلوا کر عبدالستار ایدھی کی وفات پر تعزیت کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے فیصل ایدھی کو ایدھی ہوم کلفٹن بلوا کر عبدالستار ایدھی کی وفات پر تعزیت کی۔ بلاول بھٹو کی آمد سے قبل ایدھی ہوم کلفٹن پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے اور سڑکوں کی صفائی کی گئی، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو ایدھی سنٹر کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے عبدالستار ایدھی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انھیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ایدھی صاحب کا خلا کوئی بھی پر نہیں کر سکتا، وہ ہمیشہ ہمارے درمیان زندہ رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور سندھ حکومت نے ہمیشہ ہماری مدد کی اور مستقبل میں بھی ہماری مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، یتیم بچوں کی خواہش پر بلاول بھٹو کو کلفٹن سینٹر آنے کا کہا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ایدھی ہوم کھارادر جا کر فیصل ایدھی سے ان کے والد کی وفات پر تعزیت کی تھی جب کہ چیرمین سینیٹ رضا ربانی اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے عبدالستار ایدھی کے جنازے میں شرکت کی تھی۔