حلف اٹھانے کے بعد نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان کی گورنر سندھ سے ملاقات
کراچی: نگراں وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کی۔ گورنر سندھ نے نگراں وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالنے پر فضل الرحمان کو مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کو صاف و شفاف اور منصفانہ بنانے کے اقدامات، تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کے یکساں مواقعوں کی فراہمی، پولنگ والے دن امن و امان کو یقینی بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ قوی امید ہے کہ آپ بطور نگران وزیر اعلیٰ اپنی خدمات احسن طریقہ سے اور عوام کی توقعات کے مطابق ادا کریں گے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات ہماری سیاسی تاریخ کا اہم ترین موڑ ثابت ہوں گے کیونکہ یہ ایک ایسے وقت ہورہے ہیں جب گزشتہ 5 سال کے دوران امن و امان کے قیام اور معاشی ترقی و خوشحالی کے لئے کئی ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013ء کے مقابلہ میں کہیں پر امن اور معاشی طور پر مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات ہماری مزید معاشی ترقی و خوشحالی کی سمت متعین کریں گے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ صوبہ میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف کی باہمی رضا مندی سے نگراں وزیر اعلیٰ کا انتخاب نہایت خوش آئند ہے اور جمہوری تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے بعد صوبہ میں اتفاق رائے سے نگراں سیٹ اپ کی تشکیل پر تمام سیاسی جماعتیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔ اس موقع پر نگراں وزیر اعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے کہا کہ وہ اپنے اوپر کئے گئے اعتماد پر سیاسی جماعتوں اور صوبہ کے عوام کے مشکور ہیں۔ انہوں نے صوبہ میں منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔