الیکشن 2018ء، پارٹی نے ٹکٹ دینے کا اختیار ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو دے دیا ہے، عامر خان
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ بہادرآباد کے رہنما عامر خان کا کہنا ہے کہ 5 فروری کے بعد کی صورتحال کے ذمہ دار فاروق ستار ہیں۔ کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں ایم کیو ایم بہادرآباد کے رہنما عامر خان نے کہا کہ رابطہ کمیٹی نے طے کیا ہے کہ اختیارات ایک شخص کے پاس نہیں ہوں گے، کنوینر، انتخابی ٹکٹ دینے اور پارٹی چلانےکا اختیار 3 مختلف لوگوں کے پاس ہوگا۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے ٹکٹ دینے کا اختیار ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو دے دیا ہے، فاروق ستار کہتے ہیں تینوں اختیارات ان کے پاس ہوں تو ایسا ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 5 فروری کے بعد کی صورتحال کے ذمہ دار فاروق ستار ہیں لہٰذا بائیکاٹ کرنے والے بائیکاٹ کرلیں کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم بہادرآباد کی جانب سے افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں فاروق ستار کو مدعو نہیں کیا گیا۔