بلاول بھٹو زرداری 6 جون کو لاڑکانہ پہنچ کر کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے
لاڑکانہ: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے لاڑکانہ کے قومی اسمبلی کی نشت این اے 200 جبکہ فریال تالپور اور آصفہ بھٹو زرداری نے پی ایس 10 رتودیرو سے نامزدگی فارم وصول کر لیے جبکہ پیپلز پارٹی مخالف امیدواروں کی بھی جانب سے کاغذات نامزدگی وصول کیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 25 جولائی پر عام انتخابات کروانے کے اعلان اور جاری کردہ شیڈیول کے مطابق 4 جون سے 8 جون تک کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کروانے کے اعلان کے بعد گذشتہ روز این اے 200 کے لئے کاغذات نامزدگی فارم نوڈیرو بھٹو اسٹیٹ کے منیجر اللہ ڈنو بھٹو نے لاڑکانہ میں تعینات رٹرننگ آفیسرز ایڈیشنل سیشن جج شام لال اور محمد الیاس میمن سے جبکہ پی ایس 10 رتوڈیرو کے لئے نامینیشن فارم رتودیرو میں تعینات سینئر سول جج محمد علی رک سے وصول کئے۔ بلاول بھٹو زرداری کا مقابلہ کرنے کے لیے اسی نشست پر بلاول بھٹو زرداری کا مقابلہ کرنے کے لیے متحدہ مجلس عمل صوبہ سندھ کے صدر اور جمیعت علمائے اسلام (ف) سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا راشد خالد محمود سومرو کے نامزدگی فارم محبت علی کھوڑو نے وصول کیے۔
علاوہ ازیں پی ایس 10 پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما امیربخش خان بھٹو اور جی یو آئی کے ناصر خالد محمود سومرو نے کاغذات نامزدگی وصول کیے ہیں۔ پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق 6 جون کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ پہنچ کر کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے بھی پی ایس 11 پر کاغذات نامزدگی فارم وصول کئے ہیں جو کہ ان کے پی اے امین شیخ نے رٹرننگ آفیسر ظفر اللہ جاکھرانی کے دفتر سے وصول کئے۔ اسی طرح پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرنے کے لیے مختلف امیدواروں پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر اور لاڑکانہ عوامی اتحاد کے رہنما ڈاکٹر صفدر عباسی نے این اے 201، سابق ایم پی اے حاجی منور علی عباسی، معظم علی خان عباسی اور عاظم علی عباسی نے پی ایس 11 کے لیے جبکہ لاڑکانہ عوامی اتحاد کے حمایت یافتہ امیدوار عادل خان انڑ نے این اے 201 اور پی ایس 12 اور 13 سے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی وصول کیے ہیں۔