یوم القدس جوش و جذبہ سے منائیں گے، بیت المقدس پر اسرائیلی قبضہ و امریکی سفارت خانہ کسی طور قبول نہیں، متحدہ علماء محاذ
کراچی: متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر بیت المقدس پر صیہونی غاصبانہ قبضہ اور امریکی سفارت خانہ کے قیام کے خلاف 11 واں سالانہ القدس سیمینار مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر صدارت کراچی کے مقامی ہال میں منعقد ہوا۔ جس میں مہمانان خصوصی جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو، علامہ سید اظہر علی ہمدانی، مولانا جعفر الحسن تھانوی، جمعیت اہلحدیث کے علامہ اختر محمدی، جمعیت علماء پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، علامہ عبدالخالق فریدی، علامہ علی کرار نقوی، علامہ شاہدین اشرفی، پیپلز پارٹی کے سہیل عابدی، مفتی وجہیہ الدین، علامہ شاہ فیروز الدین رحمانی، تحریک انصاف کے اسرار عباسی، مسلم لیگ قیوم کے اظہر عباس زیدی، فلسطین فاؤنڈیشن کے صابر کربلائی سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ و سیاسی زعماء نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس پر صیہونی غاصبانہ قبضہ اور امریکی سفارت خانہ کا قیام مسلم حکمرانوں اور اسلامی فوجی اتحاد کے کھلا چیلنج اور تازیانہ ہے، فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے نام نہاد اسرائیلی ریاست کسی طور قبول نہیں کی جاسکتی۔
رہنماؤں نے کہا کہ جمعتہ الوداع کو یوم القدس جوش و جذبہ کے ساتھ منائیں گے، اس موقع پر مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے اور امریکی و اسرائیلی پرچم نذرآتش کئے جائیں گے، امام خمینی ؒ کا یوم القدس منائے جانے کا جرأت مندانہ اقدام قابل تقلید و ستائش ہے، مسلم حکمراں قبلہ اول کی بازیابی کے لئے مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں، اقوام متحدہ جانبدارانہ رویہ چھوڑ کر ظالم جابر، غاصب اسرائیل کی رکنیت معطل کرے، نہتے مظلوم فلسطینیوں پر انسانیت سوز وحشیانہ اسرائیلی مظالم عالمی انسانی ضمیر جھنجوڑنے کے لئے کافی ہے۔ سیمینار سے برجیس احمد، علامہ مرتضی خان رحمانی، شکیل قاسمی، انور شاہ کشمیری، پیر فراست علی قادری، جہانزیب سبزواری و دیگر نے خطاب کیا۔