ایم کیو ایم پی آئی بی اور بہادر آباد والے گلے مل کر ایک ہوگئے
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ ایم کیو ایم پی آئی بی اور بہادر آباد والے گلے مل کر ایک ہوگئے۔ فاروق ستار رات گئے بہادرآباد دفتر جا پہنچے اور مل کر کام کرنے کا اعلان کیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ صرف الیکشن نہیں بلکہ اس کے بعد بھی ایک رہنا ہے۔ ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دیر آئے درست آئے، ابھی بہت دیر نہیں ہوئی آج فاروق بھائی اپنے مرکز اپنے آفس میں واپس آئے ہیں، ہم جو فاروق بھائی کو بلارہے تھے وہ سب سے بڑا جواز تھا ہمارے درمیان گفتگو کی تمام گنجائشیں موجود ہیں، سازشیوں کا منصوبہ ناکام ہوگیا، ایم کیو ایم کسی ایک کی نہیں، سب کی ہے، انتخابات میں خلوص اور محنت کو دیکھتے ہوئے پارٹی ٹکٹ دیں گے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مجھے قرارداد کے ذریعے ہٹایا گیا اس لئے اخلاقی طور پر یہاں آنا مناسب نہ سمجھا آج اسلام آباد ہائی کورٹ نے مجھے ایک سہولت دی ہے، مجھے ساتھیوں کی طرف سے کہا گیا تھا آپ آئیں بہادرآباد مرکز آپ کا ہے، میں نے بھی کہا تھا میں آؤں گا، ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد میرے لئے ابہام ختم ہوگیا، عدالتی فیصلے کے بعد فیصلہ کیا کہ مجھے بہادرآباد آنا چاہیئے، یہ ایم کیو ایم پاکستان کا مرکز ہے جو میری بھی ہے اور خالد مقبول بھائی کی بھی ہے، جو خالد بھائی کے ساتھ ہیں وہ بھی ایم کیو ایم پاکستان کے اور جو میرے ساتھی ہیں وہ ایم کیو ایم پاکستان کے ہیں، اختلافات کتنے ہی شدید کیوں نہ ہو لیکن رابطوں کا سلسلہ قائم رہنا چاہیئے، آج اختلافی نکات پر آج بات نہیں ہوئی مختلف ثالثوں کے ذریعے بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا، کل یا پرسوں دوبارہ ملاقات ہوگی، مجھے امید ہے کہ ہم آگے بڑھیں گے۔