Featuredسندھ

عمران، شہباز، بلاول، فضل الرحمان سمیت متعدد سیاستدانوں کے کاغذات نامزدگی منظور

کراچی: عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے کےلیے عمران خان، بلاول بھٹو زرداری، شہباز شریف، فضل الرحمن سمیت متعدد سیاست دانوں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔

پاکستان تحریک انصاف
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی این اے 131 لاہور، این ے 243 کراچی اور این اے 35 بنوں سے منظور کرلیے گئے۔ ریٹرننگ افسران نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے اعتراضات کو مسترد کردیا۔ پی پی 217 ملتان سے پی ٹی آئی ڈپٹی چیرمین شاہ محمود قریشی، پی پی 158 سے پی ٹی آئی رہنما علیم خان، این اے 72 سیالکوٹ سے فردوس عاشق اعوان کے کاغذات نامزدگی منظور بھی کرلیے گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی
این اے 246 کراچی لیاری سے پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور نواب شاہ سے آصف علی زرداری کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کرلئے گئے۔ این اے 245 کراچی سے ریٹرننگ افسر نے پیپلز پارٹی کے رہنما اداکار قیصر نظامانی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ این اے 158 شجاع آباد ملتان سے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے کاغذات منظور ہوگئے۔
متحدہ مجلس عمل
این اے 38 اور این اے 39 ڈی آئی خان کیلئے مولانا فضل الرحمان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔ کراچی کے حلقہ این اے 242 سے ایم ایم اے کے نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہوگئے جب کہ این اے 130 لاہور سے لیاقت بلوچ کے کاغذات منظور کرلیے گئے۔

مسلم لیگ (ن)
مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی این اے 3 سوات، این اے 250 کراچی اور این اے 132 سے منظور کرلیے گئے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے اہم رہنما حمزہ شہباز شریف کے این اے 124 لاہور سے جبکہ این اے 173 لاہور سے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلیے گئے۔

این اے 93 خوشاب سے ن لیگ کی سمیراملک، این اے 155 ملتان سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر جاوید ہاشمی، فیصل آباد سے رانا ثنا اللہ، این اے 60 سے حنیف عباسی، این اے 53 اسلام آباد سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔
ایم کیو ایم
این اے 247 کراچی سے فاروق ستار اور پی ایس 104 سے ایم کیوایم کے رؤف صدیقی کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیے گئے۔ کراچی میں این اے 253 اور پی ایس 124 سے ایم کیو ایم کے خواجہ اظہارالحسن کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔

پی ایس پی
پی ایس پی رہنما اور سابق نائب میئر کراچی ارشد وہرا کے این اے 254 اور این اے 255 سے جبکہ ڈاکٹر صغیر کے حلقہ این اے 243 اور پی ایس 106 پر کاغذاتِ نامزدگی منظور ہوگئے۔ کراچی میں پی ایس پی کو بڑا جھٹکا لگا ہے جہاں فوزیہ قصوری کے این اے 247 کراچی سے کاغذات مسترد ہوگئے ہیں۔ فوزیہ قصوری دوہری شہریت کے حوالے سے آر او کو مطمئن نہیں کرسکیں۔

اے این پی
این اے 21 مردان سے اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔

دیگر
ایبٹ آباد میں چیئرمین تحریک صوبہ ہزارہ بابا حیدرزمان کے این اے 15 اور این اے 16 سے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔ این اے 60 راول پنڈی سے شیخ رشید، سجاول میں حلقہ این اے 231 سے عائشہ گلالئی، راولپنڈی میں پی پی 10 سے چوہدری نثار، چمن میں این اے 263 کیلئے پشتونخوامیپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close