سندھ

سندھ کے قوم پرست رہنماء بھی کروڑوں روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک نکلے

حیدرآباد: سندھ کے قوم پرست رہنماء بھی دیگر سیاستدانوں کی طرح کروڑوں روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک نکلے۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر مملکت آصف زرداری کے مقابلے میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 ون نوابشاہ سے الیکشن میں حصہ لینے والے سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ قادر مگسی نے خود کو زمیندار ظاہر کیا ہے، وہ ضلع سجاول میں مجموعی طور پر 45 ایکڑ زرعی اراضی کے مالک ہیں، تاہم زمین کی مالیت ظاہر نہیں کی گئی، 2015ء میں زرعی زمینوں سے 30 لاکھ روپے آمدنی ہوئی، جس پر 49560 روپے ٹیکس ادا کیا، جبکہ 2016ء میں زرعی زمینوں سے 40 لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی، جس پر 63197 روپے ٹیکس ادا کیا۔ اسی طرح 2017ء میں زرعی زمینوں سے پچاس لاکھ روپے کی آمدنی پر ایک لاکھ پینتالیس ہزار 345 روپے کا ٹیکس ادا کیا، قادر مگسی کے 2016ء میں اثاثوں کی مالیت 99 لاکھ 64 ہزار روپے تھی، جو 2017ء میں بڑھ کر ایک کروڑ 34 لاکھ 14 ہزار تک پہنچ گئی۔

دو سال کے دوران قادر مگسی کے اثاثوں میں 34 لاکھ 50 ہزار روپے کا اضافہ ہوا، جبکہ ان کے پاس 10 لاکھ روپے نقد رقم موجود ہے اور بینک اکاؤنٹ میں صرف 25 سو روپے جمع ہیں، قادر مگسی نے دبئی کا ایک اور امریکا کے دو دورے کئے، جن پر 24 لاکھ اسی ہزار روپے کے اخراجات آئے۔ اس کے علاوہ 2 گھروں اور ایک پلاٹ کے مالک بھی ہیں، جن کی مجموعی مالیت 94 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔ اسی طرح سابق اسپیکر سندھ اسمبلی سید جلال محمود شاہ بھی کروڑوں روپے مالیت کے اثاثے رکھتے ہیں، ان کا ذریعہ آمدن اسٹون کریشنگ پلانٹ اور زمینداری ہے، اسٹون کریشنگ پلانٹ کی مالیت 10 کروڑ 79 لاکھ روپے ہے۔

جلال شاہ کے پاس پینتالیس لاکھ روپے مالیت کی ایک پراڈو اور 19 لاکھ 60 ہزار روپے مالیت کی کرولا کار بھی ہے، جبکہ 66 لاکھ 35 ہزار 474 روپے نقد رقم موجود ہے اور 33 لاکھ 33 ہزار 592 روپے بینک اکاؤنٹ میں رکھے ہیں۔ جلال شاہ کے پاس چالیس لاکھ روپے مالیت کا فرنیچر و دیگر گھریلو سامان اور ستائیس ہزار روپے مالیت کا اسلحہ موجود ہے، جبکہ دیہہ نور پور تعلقہ مانجھند میں 57 ایکڑ زرعی زمین کے مالک بھی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close