کراچی: تحریک انصاف سندھ کے صدر عارف علوی کو بھی ووٹرز نے کھری کھری سنا دیں۔ تفصیلات کے مطابق عارف علوی کراچی کے حلقہ این اے 247 سے امیدوار ہیں۔ انتخابی مہم میں ووٹ مانگ کیلئے وہ اپنے حلقے کے دورہ پر نکلے تو ووٹرز نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ آپ کس منہ سے ہمارے پاس آئے ہیں۔ عارف علوی لوگوں کو منانے کی کوششیں کرتے رہے، تاہم ناکام رہے۔ اس دوران عارف علوی اشتعال میں بھی آگئے اور ووٹر پر چیخنے چلانے لگے، تاہم ووٹر کو منانے کی کوششوں میں ناکامی کے بعد وہ واپس چلے گئے۔
قبل ازیں پی ٹی آئی کے سابق رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کو بھی رائے دہندگان نے ووٹ مانگنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور ان کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے تھے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن)، ایم کیو ایم سمیت کئی سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو انتخابی مہم میں ووٹرز کے غم و غصے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ووٹرز میں ایک بیداری کی لہر چل پڑی ہے، جو الیکشن جیتنے کے بعد شکل نہ دکھانے اور کام نہ کرانے والے سیاسی رہنماؤں پر نہ صرف تنقید کر رہے ہیں، بلکہ اس کی ویڈیوز بناکر بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر رہے ہیں۔