سماجی کارکن جبران ناصر کو کراچی پریس کلب کے قریب سے گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی کارکن جبران ناصر نے اپنی گرفتاری کی ویڈیو بنا کر سمارجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی، جس میں وہ پولیس موبائل میں بیٹھے ویڈیو بنا رہے ہیں، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے ایک جج کا پروٹوکول زبردستی گرفتار کرکے لے جا رہا ہے، راستہ نہ دینے پر سیکیورٹی گارڈز نے بندوقیں تان لیں اور بیچ سڑک پر تشدد کیا، جبکہ میرے کپڑے بھی پھاڑ دیئے۔ دوسری جانب پروٹوکول افسر نے جبران ناصر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ شکر کریں کہ صرف تشدد کیا گولی نہیں ماری۔ سیکیورٹی گارڈز جبران ناصر کو زبردستی فریئر تھانے لے گئے۔ واضح رہے کہ سماجی کارکن جبران ناصر عام انتخابات 2018ء میں کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247 سے آزاد حیثیت میں الیکشن بھی لڑ رہے ہیں۔