کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے صوبے کو 7 ریاستوں میں تقسیم کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے سندھ کو7 ریاستوں میں تقسیم کرنے کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزارکا موقف تھا کہ کراچی کی آبادی دوکروڑسے تجاوزکرچکی ہے، یورپ اوردنیا کے دیگرممالک میں 50 لاکھ آبادی سے زیادہ کا شہرنہیں ہوتا، اس لئے سندھ کو 7 ریاستوں میں تقسیم کیا جائے۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت عالیہ نے درخواست ناقابل سماعت قراردے دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آئین کا کوئی آرٹیکل بتائیں جس کے تحت نئی ریاست تشکیل دی جاسکتی ہو۔ ریاستوں کی تشکیل صدیوں کے ارتقا کے بعد ہوتی ہے، کینیڈا میں پنجابی دوسری بڑی زبان ہے اور6 وزیرسکھ ہیں ، کیا اس کے باوجود کینیڈا میں ان کی ریاست بن سکتی ہے؟۔