سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہوتا ہے لیکن گھیراؤ احتجاج نہیں ہو تا،لیاری میں گھیراؤ کی ساز ش کرنے والے ناکام رہے پیپلز پارٹی آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ آج 5جولائی ہے جو ملکی تاریخ میں سیاہ دن ہے،آج کے دن ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم کی حکومت کے خلاف سازش کی گئی تھی اورآج بھی ملک میں بہت سی کمزوریاں ہیں جنہیں دورکرنے کی ضرورت ہے،جمہوریت کے بغیر پاکستان کے مسائل حل کرنا بہت مشکل ہے۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کسان دوست اورمزدوردوست پارٹی ہے اورعوام نے انتخابی مہم میں بھرپوراستقبال کیا،لیاری میں گھیراؤ کی ساز ش کرنے والے ناکام رہے ،پرامن احتجاج سب کا حق ہوتا ہے لیکن گھیراؤ احتجاج نہیں ہو تا،ایسے لوگوں کو عوام انتخابا ت میں مسترد کر دیں گے ،کٹھ پتلی الائنس کی کوئی ویلیو نہیں عوا م پی پی کو ووٹ دیں گے ۔نواز شریف سے متعلق ایک سوال پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملزم کسی کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا اور جمہوریت میں انتقامی کارروائی کا تاثر ٹھیک نہیں۔