سندھ

امجد صابری کے چہلم میں دہشتگردی کا خطرہ، سیکیورٹی سخت کرنیکی ہدایات جاری

کراچی: آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ کا کہنا ہے کہ معروف قوال امجد صابری کے چہلم کے موقع پر ممکنہ تخریب کاری کے پیش نظر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے اور سرچنگ اور مشتبہ افراد پر نظر رکھی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل سندھ پولیس اللہ ڈنو خواجہ نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ امجد فرید صابری کے چہلم کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، اور رسم چہلم میں شریک ہونے والے تمام افراد کی شناخت کے علاوہ چیکنگ اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے پورے علاقے کی سرچنگ بھی کی جائے، جبکہ اس موقع پر ٹریفک کے متبادل راستوں سے بھی عوام کو آگاہ کیا جائے۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ امجد فرید صابری قتل کیس میں بہت سی اہم کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں، اور مقتول کو قتل کرنے والے گروہ کے تعین کے بعد اب ملزمان کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں، آئندہ چند روز میں امجد صابری کے قاتل قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ واضح رہے کہ 22 جون کو امجد فرید صابری کو کراچی کے گنجان اور مصروف ترین علاقے لیاقت آباد نمبر 10 میں اس وقت فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا، جب وہ رمضان المبارک کے حوالے سے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کیلئے روانہ ہورہے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close