منی لانڈرنگ کیس؛ آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی سے تحقیقات شروع
کراچی: ایف آئی اے نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اور منی لانڈرنگ کیس میں ملوث حسین لوائی سے تحقیقات شروع کردی ہے۔ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس کے مبینہ ملزم اور آصف زرداری کے دیرینہ ساتھ حسین لوائی کو دفتر طلب کرکے ان کا بیان ریکارڈ کیا ہے۔ حسین لوائی پر 35ارب روپے منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ منیر شیخ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج حسین لوائی پر 3 بینکوں کے 29 جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے، مذکورہ 29 اکاؤنٹس سے رقم کا لین دین اومنی گروپ کے ملازمین کرتے تھے، اومنی گروپ کے مالک انور مجید ہیں جو بیرون ملک فرار ہونے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ کیس کی تحقیقات کے لئے حسین لاوائی کو ایف آئی اے سندھ نے دفتر طلب کرکے اسٹیٹ بینک سرکل میں ان کا بیان ریکارڈ کیا تاہم انہیں ابھی گرفتار نہیں کیا گیا۔