کراچی : منی لانڈرنگ کیس میں فریال تالپور نے ضمانت کےلئے سندھ ہائیکورٹ لاڑکانہ بنچ سے رجوع کرلیا۔ فاروق ایچ نائیک نے درخواست ضمانت دائر کی۔ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں فریال تالپور کو مفرور قرار دیا تھا۔
یاد رہے کراچی کی عدالت میں حسین لوائی اور دیگر کےخلاف مقدمے کا چالان پیش کیا گیا جس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو مفرور ملزم قرار دیا گیا۔ مفرور افراد کی فہرست میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن کا نام 19 ویں اور 20 ویں نمبر پر ہے۔
حسین لوائی پاکستان سٹاک ایکسچینج کے سابق چیئرمین ہیں اور آصف علی زرداری کے قریبی دوست ہیں ان سمیت 20 ملزمان پر 35 ارب روپے منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق حسین لوائی اور دیگر ملزمان نے 3 بینکوں کے 29 جعلی اکاو¿نٹس کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی ہے۔