قائم علیشاہ حلف اٹھانے کے بعد عزیربلوچ کی دعوت میں گئے تھے، خواجہ اظہار الحسن
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ کراچی میں گینگ پالیٹکس کا دور ختم ہو گیا ہے ۔ وہ پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد مزار قائد پر حاضری دینے کی بجائے لیاری میں عزیر بلوچ کی دعوت میں گئے تھے تاکہ ان کا آشیرباد حاصل کر سکیں ۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کراچی میں لسانی بنیاد پر قتل کیا گیا۔ تاجروں سے ماہانہ بھتے باندھے گئے۔ ان تما م جرائم کا منظر عام پر آنا ضروری ہے تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ ان جرائم کے پس پردہ کون سی شخصیات تھیں۔
انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی بھی ہو گی۔ تمام چیزیں واضح ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جرائم میں ملوث لوگوں کا چاہے کسی بھی پارٹی یا گینگ سے تعلق ہو ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بڑی ذمہ داری آ گئی ہے کہ وہ کس کس کو سہولت کار سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں پرائیویٹ اسکولز مالکان کے خلاف مقدمات کی مذمت کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے لیے 7 ارب روپے کی سمری تیار کی تھی لیکن ابھی تک 7 روپے بھی سکیورٹی پر خرچ نہیں کیے گئے ہیں۔