سندھ

اب کوئی شائبہ نہیں ہے کہ ایم کیو ایم کے منحرفین کواسٹیبلشمنٹ کی کھلی سپورٹ حاصل ہے

 کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ اب کوئی شائبہ نہیں ہے کہ ایم کیو ایم کے منحرفین کواسٹیبلشمنٹ کی کھلی سپورٹ حاصل ہے۔

کارکنان کی گرفتاریوں اور پارٹی قائد کی میڈیا کوریج پر پابندی کے خلاف کراچی پریس کلب کےباہر علامتی بھوک ہڑتال کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم کراچی آپریشن کے دوران ہزاروں غیر قانونی چھاپے، گرفتاریاں، ماورائے عدالت قتل ، جبری گمشدگی پر احتجاج کرتے رہے اور صبر کا مظاہرہ کرتے رہے، ہمارے منحرفین کو پیرا شوٹ کے ذریعے کراچی میں اتارا گیا اور ان پر مشتمل ایک جماعت بنائی گئی۔

فاروق ستار نے کہا کہ اب کوئی شائبہ نہیں ہے کہ منحرفین کو اسٹیبلشمنٹ کی کھلی سپورٹ حاصل ہے جب کہ کراچی آپریشن سے بھی ایک مرتبہ پھر واضح ہوگیا ہے کہ اس کا ایک سیاسی ایجنڈا اور مقصد ہے جس میں ایم کیوایم کو دیوار سے لگانا اور پارٹی کے لوگوں کو ڈرا دھما کر ایم کیوایم چھوڑنے پر مجبور کیاجائے اور  منحرفین کی ایک جماعت میں شامل کرایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کی جو قیمت وصول کی جارہی ہے وہ بہت خوفناک ہے، کراچی کو تباہ کرکے، ایم کیوایم کے سیاسی حقوق سلب کرکے اور جھوٹے مقدمات بناکر کارکنوں کو گرفتار کیاجارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو اصل طالبان دہشت گرد اور کالعدم تنظیمیں ہیں انہیں کھلی چھوٹ حاصل ہے اور وہ زکوٰۃ ، فطرہ بھی جمع کرتی ہیں لیکن ایم کیوایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن پر پابندی عائد ہے۔

ایم کیوایم رہنما کا کہنا تھا کہ وسیم اختر کو شہرکا میئر نامزد کیا گیا جنہیں کھوکھلے اور بے بنیاد الزامات میں ملوث کیا گیا، مائنس وسیم اختر کے ایم سی اور مائنس الطاف حسین ایم کیوایم ایک پولیٹیکل ایجنڈا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close