قومی اسمبلی کے 8اور صوبائی کے 16 حلقوں کو کھولا جائے،انتخابات میں جو ہوا اس کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر ہے:وسیم اختر
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ انتخابات میں جو کچھ ہوا اس کی ساری ذمہ داری الیکشن کمیشن پر ہے، کراچی کا برانڈ صرف اور صرف پتنگ ہے ، پاکستان میں اس قسم کے انتخابات کبھی دیکھنے کو نہیں ملے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ قومی اسمبلی کے 8اور صوبائی کے 16 حلقوں کو کھولا جائے ، کراچی کے لوگ جانتے ہیں کہ کس طرح شہر کے مینڈیٹ کو لوٹا گیا ہے ؟۔تفصیلات کے مطابق ضلع شرقی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم نے گزشتہ دنوں جو سونامی جھیلا تھا وہ کم نہیں تھا، کراچی سے 6 سیٹوں کا ملنا کئی سیٹوں کے برابر ہے،آج حکومت سازی میں ایم کیو ایم کا مرکزی کردار ہے ، کراچی کے شہریوں نے کسٹم پیڈ اور ٹیسٹ ٹیوب قیادت کو مسترد کردیا ہے ۔انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ کراچی ہائٹس اور سندھ کے شہری علاقوں کا برانڈ پتنگ تھا اور پتنگ ہی ہے،تین کروڑ آبادی کا یہ شہر اب سنجیدگی سے اپنے مسائل کا حل چاہتا ہے، مگر اس شہر کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے پاس وسائل اور اختیارات نہیں ہیں، ان حالات میں منتخب بلدیاتی نمائندے اپنے طور پر جتنی زیادہ کوشش کر رہے ہیں وہ سب کے سامنے ہے اور دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے آگے کی جانب سفر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام محکمے جنہیں بلدیہ عظمیٰ کے پاس ہونا چاہئے تھا وہ سندھ حکومت نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں لہٰذا بغیر اختیار اور وسائل کے اس شہر کے مسائل کو حل کرنے میں بے انتہا مشکلات کا سامنا ہے۔