خیرپور: پیپلز پارٹی سندھ کے رہنما و سابق صوبائی وزیر منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی مدت پوری نہیں کریں گے، وہ خود اسمبلیاں تحلیل کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق منظور وسان نے عید کے دوسرے دن عمران خان کیلئے خواب دیکھ لیا اور کہا کہ آج خواب دیکھا ہے، عمران خان کے اعلانات اچھے ہیں، مگر عمل نہیں ہوگا، پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے، مگر ایسا لگتا نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدارتی امیدوار کیلئے اعتزاز احسن جیسا قابل آدمی (ن) لیگ کے پاس بھی نہیں ہے، نواز شریف کی وکلا تحریک میں اعتزاز احسن کا بڑا کردار تھا اور (ن) لیگ کا اعتراض سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چائے کے کپ سے ویٹر بھی تنگ ہوںگے، ہو سکے وہ بھی ناراض ہو جائیں، بڑی گاڑیاں نیلام کرکے چھوٹی گاڑیاں رکھنا اچھا قدم ہے، کل کوئی باہر سے وی آئی پی آئے اور اس کیلئے بڑی گاڑی لانی ہو تو خان صاحب کیا کریں گے۔
منظور وسان نے کہا کہ ایم کیو ایم پرانی تنخواہ پر کام کرے گی، ایم کیو ایم کی مجبوری ہے وفاقی حکومت سے جڑے رہنا، کیونکہ وفاق میں رینجرز ہے۔ شہباز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ (ن) لیگ میں بڑے میاں کی اہمیت ہے، چھوٹے کی نہیں، حزب اختلاف کی جماعتوں کو ساتھ لے کر شہباز شریف کو چلنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کارکردگی دکھائے گی، عوام کے مینڈیٹ کا احترام ہوگا، جنہوں نے پی پی پی، (ن) لیگ اور پرویز مشرف سے وفا نہیں کی، وہ عمران خان سے کیا وفا کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے منظور وسان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کی ابتداء اپنوں سے کریں، باہر سے پیسے لائیں، مگر اپنوں سے پیسے لیں اور خزانے میں جمع کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمندر کا پانی قابل استعمال بنائیں گے، سندھ حکومت ڈیم بنانے کے ساتھ پانی بھی جمع کرے گی۔