لٹل ماسٹر حنیف محمد کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی
کراچی : لیجنڈ کرکٹ اسٹار لٹل ماسٹر حنیف محمد کی نمازہ جنازہ آج بعد نماز جمعہ نعمانیہ مسجد، الہلال سوسائٹی بالمقابل پرانی سبزی منڈی میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین سوسائٹی قبرستان میں ہوگی۔ حنیف محمد جمعرات کی شام زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد 81 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔
لٹل ماسٹر حنیف محمد کینسر کے عارضے میں مبتلا ہونے کے باعث کراچی کے نجی اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں 14 دن سے زیر علاج تھے۔ گزشتہ چند روز سے ان کی طبیعت بتدریج بہتر ہورہی تھی تاہم پیر کی صبح سے ان کی طبیعت ایک مرتبہ پھر بگڑ گئی جس کے باعث انہیں آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا جہاں مصنوعی سانس کے ذریعے ان کی زندگی بچانے کی کوششیں کی جاتی رہیں۔جمعرات کی دوپہر دل کی دھڑکن چند منٹ کیلئے رکنے کے بعد آغا خان اسپتال کے ڈاکٹر نے سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد کے دل کی دھڑکنیں بجلی کے جھٹکوں کے باعث بحال کردی لیکن اس کے بعد ان کی حالت مسلسل بگڑتی رہی اور شام پانچ بجکر دس منٹ پر وہ خالق حقیقی سے جاملے۔ ان کے انتقال کی خبر سن کر ان کے بھائی صادق محمد، رئیس محمد اور اہل خانہ کے دیگر افراد فوری طور پر اسپتال پہنچ گئے۔حنیف محمد نے بیوہ ، دو بیٹوں شعیب محمد، شاہ زیب، بیٹی سیما، چار پوتے پوتیوں اور دو نواسیوں کو سوگوار چھوڑا ہے.