کراچی: منی لانڈرنگ کیس میں نامزد ملزم اومنی گروپ کے مالک انور مجید کی کھوسکی شوگر مل پر ایف آئی اے اور رینجرز کی بھاری نفری نے چھاپہ مارا اور 4 ملازمین کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع کھوسکی میں سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اور اومنی گروپ کے مالک انور مجید کی شوگر مل پر ایف آئی اے اور رینجرز نے چھاپہ مارا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کھوسکی ٹاؤن میں واقع شوگر مِل پر ایف آئی اے کی 2 اور رینجرز کی 7 گاڑیاں پہنچیں۔ چھاپے سے قبل مِل کے تمام داخلی و خارجی راستے بند کر دیئے گئے۔
چھاپہ مار ٹیم کے ہمراہ سندھ بینک کا عملہ بھی موجود تھا۔ سیکورٹی اہلکاروں نے 2 گھنٹے تک شوگر مل کے ریکارڈ روم کی تلاشی لی اور دستاویزات کی چھان بین کی۔ اس موقع پر ریکارڈ روم کے گرد اہلکار تعینات رہے اور کسی کو قریب جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شوگر مل کے آئی ٹی انچارج عبدالرشید آرائیں، اکاؤنٹنٹ افتخار احمد، ایڈمن افسر سوڈل رند اور انجینیئر جاوید کو گرفتار کرلیا۔