گورنر سندھ کی مزار قائد پر حاضری، پھول چڑھائے
کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گزشتہ روز حلف اٹھانے کے بعد آج مزار قائد پر حاضری دی۔ انہوں نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ بحریہ کے جوانوں نے بگل بجا کر گورنر سندھ عمران اسماعیل کی آمد کی اطلاع دی۔ فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا پاکستان کی تعمیر نو کیلئے عمران خان نے جو بیڑہ اٹھایا ہے یہ قائد کا پاکستان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہر ممکن کوشش کروں گا، شہر میں پانی کا منصوبہ جلد شروع کریں گے، صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلوں گا۔
گورنر سندھ عمران اسمعایل کا کہنا تھا آج شہر اور صوبے کو درپیش مسائل پر بریفنگ لوں گا، پانی کے مسلئے پر وزریراعظم اور وزیر خزانہ اسد عمر سے بات ہوئی ہے، ہم پانی کا ایک بڑا منصوبہ لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج کے مسائل حل کریں گے، کراچی کے رکے ہوئے منصوبوں پر فی الفور کام شروع کریں گے، گرین لائن اور دیگر منصوبوں پر بریفنگ لوں گا۔