ایم کیو ایم بہادرآباد کے درباری مہاجر اس پر خوش ہیں کہ انہیں وزارت مل گئی ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر
کراچی: بانی صوبہ مہاجر تحریک اور مہاجر اتحاد تحریک کے سربراہ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں، ایک طرف مہاجر قیادت کے دعویداروں کو سرکاری مراعاتیں دے کر مہاجر حقوق کی سیاست سے دور کردیا گیا ہے تو دوسری جانب ان جماعتوں کو کراچی میں کامیاب کروایا جارہا ہے جو مہاجر قومیت اور مہاجر حقوق پر یقین بھی نہیں رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں جس طرح مہاجر مینڈیٹ کی تذلیل کرکے یہ ثابت کیا گیا کہ مہاجر سیاست ختم ہورہی ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مہاجر دشمن قوتیں مہاجروں کو سندھ کے شہری علاقوں میں برداشت کرنے کو تیار نہیں ہیں، مہاجروں کو اب تیسرے درجے کا شہری بنانے کی تیاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مردم شماری، پھر حلقہ بندیوں اور اب نشستوں میں ہیر پھیر کرکے مہاجر مینڈیٹ کو ضائع کیا گیا ہے۔
سلیم حیدر نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ایم کیو ایم بہادرآباد کے درباری مہاجر اس پر خوش ہیں کہ انہیں وزارت مل گئی اور آنے والے دنوں میں ان کا روزگار لگ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجروں کو اب اس پیدا گیر ٹولے کو بے نقاب کرنا چاہیئے جو ہر بار اقتدار کے مزے لینے کے بعد اختیارات نہ ہونے کا رونا روتا ہے، مہاجر عوام کو ان سے جواب لینا چاہیئے کہ انہوں نے اب تک مہاجروں کیلئے کیا کیا اور مہاجر حقوق کا سودا کب تک کرتے رہیں گے، اب وقت آگیا ہے کہ مہاجر قومیت کی بقاء کیلئے مہاجر وکلاء، صحافی، دانشور، ادیب، ڈاکٹرز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کردار ادا کریں۔