’فضل الرحمان سرپرائز دیں گے اور اعتزاز احسن اپوزیشن کے متفقہ امیدوار ہوں گے‘
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سرپرائز دیں گے اور اعتزاز احسن اپوزیشن کے متفقہ صدارتی امیدوار ہوں گے۔ پی پی رہنما منظور وسان اپنی پیش گوئیوں اور خوابوں کے حوالے سے مشہور ہیں اور اب انہوں نے پیشگوئی کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے لیے آئندہ 3 ماہ اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیلوں میں صفائیاں ہو رہی ہیں، مچھ جیل اور اڈیالہ جیل سمیت تمام جیلوں کی صفائی ہو چکی، پی ٹی آئی، نون لیگ اور جی ڈی اے والے جیل کی ہوا کھائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ جیلوں میں گرمی بھی ہوگی سردی بھی ہوگی جب کہ پیپلز پارٹی والے جیل دیکھ چکے لہذا دوسروں کو مسئلہ ہو گا۔
منظور وسان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان پیپلزپارٹی کو سرپرائز دیں گے اور مولانا اچانک خواب کے بعد اعتزاز احسن کے حق میں بیٹھ جائیں گیں جس کے بعد اعتزاز احسن صدارت کے متفقہ امیدوار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لیے پرویز مشرف کو وطن لانا ٹیسٹ کیس ہے۔
پی پی رہنما کا کہنا ہے کہ مسئلہ جہاز کے پیٹرول کا نہیں بلکہ جہاز کی مینٹننس اور کپتان کی تنخواہ کا ہے، عمران خان ہمیں قائد اعظم کے پاکستان میں رہنے دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق اگر سندھ حکومت سے رابطہ کرکے تبادلے کرے تو بہتر ہوگا، دوسروں پر تنقید کرنے والے اپنے وزیر اعلیٰ پنجاب کا حال دیکھ لیں۔