سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے تحریک انصاف تقسیم
کراچی: تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی اپوزیشن لیڈر کے لیے 2 دھڑوں میں تقسیم ہوگئے جس کی وجہ سے پارٹی کو الیکشن کرانا پڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق سندھ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی میں دھڑے بندی ہوگئی تھی جس پر پارٹی کی قیادت نے اراکین سندھ اسمبلی کے الیکشن کا اعلان کر دیا تھا۔
اپوزیشن لیڈر کے لیے فردوس شمیم نقوی اور حلیم عادل شیخ میں مقابل ہوا جس میں 29 اراکین سندھ اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیے، سابق رکن سندھ اسمبلی ثمر علی خان کو الیکشن کمشنر بنایا گیا۔
ثمر علی خان کے مطابق فردوس شمیم نقوی کو 15 ووٹ ملے جبکہ حلیم عادل شیخ نے 13 ووٹ حاصل کیے ، ایک رکن سندھ اسمبلی نے کسی کو ووٹ نہیں دیا اس طر ح پارٹی انتخابات کی روشنی میں فردوس شمیم نقوی اپوزیشن لیڈر کے لیے منتخب ہوگئے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ با ضابط طور پر اپوزیشن لیڈر کے نام کا اعلان چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد اراکین اسمبلی فردوس شمیم نقوی کے اپوزیشن لیڈر بنے پر ناخوش تھے جب کہ خرم شیر زمان نے آخری وقت میں انتخاب لڑنے سے معذرت کر لی۔