سندھ

ہر تقریر میں قائداعظم کا ذکر کرنیوالے عمران خان نے اب تک انکے مزار پر حاضری نہیں دی، ناصر شاہ

کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے صدارتی انتخابات میں متفقہ امیدوار سامنے لانے کا موقع گنوا دیا۔ سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ اگر صدارتی الیکشن میں تمام اپوزیشن جماعتوں کا ایک ہی امیدوار ہوتا تو بڑا اپ سیٹ ہوسکتا تھا، تاہم ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اس صورت حال کی ذمہ دار پیپلز پارٹی نہیں ہے، مولانا فضل الرحمن بھی ثالث سے اچانک صدارتی امیدوار بن گئے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اپنی ہر تقریر میں قائداعظم کا تذکرہ کرنیوالے عمران خان نے اب تک مزار قائد پر حاضری کی زحمت نہیں کی، لگتا ہے نئے پاکستان میں تحریک انصاف کا قائد بھی نیا ہے۔

ناصر شاہ نے کہا کہ الزام لگانے والے سن لیں کہ اگر ہم ضد پر قائم تھے تو باقی جماعتیں سمجھ داری کا مظاہرہ کر لیتیں۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ یہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی وزیراعظم نے مزار قائد پر اب تک حاضری نہیں دی۔ شرجیل میمن سے متعلق انہوں نے کہا کہ شرجیل میمن کی رپورٹس سب کے سامنے ہیں، کوئی چیز غلط نہیں ہو سکتی کیوں کہ چیف جسٹس بہ نفس نفیس خود وہاں گئے تھے، ٹیسٹ دوبارہ بھی کیا جا سکتا ہے، اس میں کوئی معیوب بات نہیں ہے، میں تسلیم کرتا ہوں کہ ایسی بوتلیں اسپتال کے کمرے میں نہیں ہونی چاہیئے تھیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close