کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کی سرکاری گاڑی گن پوائنٹ پر چھین لی گئی۔ شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور سڑکوں پر دندناتے ملزمان شہریوں کو دن دہاڑے لوٹ رہے ہیں جب کہ کراچی پولیس اس پر قابو میں ناکام نظر آتی ہے۔
شہر کے میئر وسیم اختر بھی اسٹریٹ کرائم کا شکار ہوگئے جس میں ان کی سرکاری گاڑی گن پوائنٹ پر چھین لی گئی۔ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان بخاری میں میئر کراچی کی سرکاری گاڑی چھینی گئی جہاں مسلح ملزمان نے اسلحہ کے زور پر ان کے ڈرائیور سے گاڑی چھینی۔
وسیم اختر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تھانے میں ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست جمع کرادی ہے۔ دوسری جانب ڈی آئی جی ساؤتھ نے واقعے پر ایس ایچ او تھانہ درخشاں کو معطل کردیا۔ پولیس کے مطابق سہہ پہر تین بجے تین ملزمان نے شہباز کمرشل سے گاڑی چھینی اور ملزمان سفید رنگ کی کار میں سوار تھے۔