مزار قائد اب شمسی بجلی سے روشن ہوگا
فیصلہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات اور قومی ورثے کی میٹنگ میں کیا گیا۔ میٹنگ میں سینیٹر نہال ہاشمی، عبدالکریم خواجہ اور اشوک کمار شریک تھے۔
میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے بتایا کہ 7 ستمبر کو اس حوالے سے ایک عوامی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں اس معاملے سمیت مزار قائد کی مزید سجاوٹ کے بارے میں بھی گفتگو کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی اور یہ مزار پر آنے والے افراد سے ٹیکس کی شکل میں نہیں وصول کیے جائیں گے۔
مزار قائد کے انتظامی بورڈ کے سربراہ محمد عارف نے بتایا کہ کام کے آغاز سے قبل کمیٹی کے ارکان کو ایک تفصیلی بریفنگ دی جائے گی تاکہ تعمیرات میں کسی قسم کی فنی خرابی سے بچا جاسکے۔
کمیٹی کے ارکان نے میٹنگ کے بعد مزار قائد کا دورہ بھی کیا اور فاتحہ خوانی کے ساتھ چادر چڑھائی۔