ایم کیو ایم نے قومی و صوبائی اسمبلی کے 5 حلقوں کے انتخابی نتائج چیلنج کردیے
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے قومی و سندھ اسمبلی کے 5 حلقوں کے انتخابی نتائج کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے جن نشستوں کے نتائج چیلنج کئے گئے ہیں، ان میں این اے 241 اور این اے 245 جب کہ سندھ اسمبلی کے پی ایس 97، 126 اور 130 شامل ہیں۔
این اے 245 سے فاروق ستار ، این اے 241 سے معین عامر پیرزادہ، پی ایس 97 سے وقار شاہ، پی ایس 126 سے آصف علی خان جب کہ پی ایس 130 جمال احمد نے اپنے مد مقابل امیدواروں کی کامیابی کو چیلنج کیا ہے۔
انتخابی نتائج چیلنج کئے جانے سے قبل فاروق ستار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس شواہد موجود ہیں امید ہے مجھے سنا جائے گا اور فیصلہ بھی میرے حق میں آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت میری زندگی کا مشن ہے، میرا سیاسی مستقبل لوگ طے کریں گے، لوگ جو فیصلہ کریں قبول ہوگا۔
واضح رہے کہ فاروق ستار نے کراچی سے قومی اسمبلی کے 2 حلقوں این اے 245 اور این اے 247 سے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور دونوں ہی نشستوں سے ہار گئے تھے، این اے 245 میں ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے عامر لیاقت کامیاب قرار پائے ہیں۔