کراچی میں بچوں کے اغوا سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں، مشیر اطلاعات سندھ
مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی میں بچوں کے اغوا سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔
سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ کچھ روز سے سندھ حکومت اور اس کے اداروں سے متعلق منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے،کراچی میں بچوں کے اغوا سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں جب کہ اسٹریٹ کرائم یا بچوں کے اغوا کی شکایت ملتی ہیں تو حکومت کارروائی کرتی ہے۔
مرتضی وہاب نے کہا کہ اس سے پہلے این آئی سی وی ڈی کا بجٹ صرف 70 کروڑ تھا لیکن سندھ حکومت کی کوششوں سے آج اس کا بجٹ ساڑھے آٹھ ارب ہے، آج سندھ کے مختلف شہروں میں این آئی سی وی ڈی کے سینٹر چل رہے ہیں ملک بھر سے لوگ مفت علاج کرا رہے ہیں، جناح میں کینسر وارڈ میں بھی ملک بھر سے لوگ مفت علاج کرانے آتے ہیں لہذا میری درخواست ہے میڈیا سے کہ وہ ان اداروں کی درست تشہیر کریں
بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار جب جناح اسپتال کے دورے پر آئے تو خوش ہوکر گئے، انھوں نے جناح اسپتال کی بہتر کارکردگی پر انعام دیا، تھر پارکر کی بچی کا علاج جناح میں چل رہا ہے، یہ اسپتال سندھ حکومت کا ہے لیکن پی ٹی آئی والے ٹوئٹر پر صرف کریڈٹ لے رہے ہیں۔