پاک سرزمین پارٹی کے نمائندے کسی کی حکومت کے خلاف بات نہیں کریں گے، مصطفیٰ کمال
کراچی: پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ پارٹی چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے این اے 243، 247 اور پی ایس 111 کی عوام سے ٹیلیفونک رابطے کا آغاز کر دیا ہے، جس میں عوام کی جانب وائس میسجز اور کالز موصول ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ضمنی انتخابات میں بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی جا رہی ہے جبکہ دوسری جانب پارٹی کارکنان گھر گھر جا کر سید مصطفیٰ کمال کا خط کی صورت میں پیغام، پارٹی منشور اور ووٹر کارڈ پہنچا رہے ہیں۔
سید مصطفیٰ کمال نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان کے دور میں کراچی تیزی سے ترقی کرنے والے دنیا کے 12 شہروں میں شامل ہو چکا تھا لیکن اب ان کے جانے کے بعد رہنے کے لئے دنیا کے 4 بدترین شہروں میں شامل ہو چکا ہے۔
انہوں نے این اے 243 اور 247 کی عوام کو یہ یقین دہانی کرائی کہ ان کے جیتے ہوئے دونوں نمائندوں کی آواز اسمبلی میں تمام جیتے ہوئے نمائندوں سے زیادہ موثر ثابت ہوگی کیونکہ انہیں کراچی کے مسائل کا علم ہے اور ان کے حل کا بھی، پاک سرزمین پارٹی کے نمائندے کسی کی حکومت کے خلاف بات نہیں کریں گے بلکہ حکومت کو عوامی مسائل کے حل کے لئے موثر اقدامات اٹھانے میں ہمارے تجربے کی روشنی میں مدد فراہم کریں گے۔